لاہور،21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے بند دروازے آٹھ سال بعد کھل گئے ہیں، ورلڈ الیون اور سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کردیا جس کی تصدیق نجم سیٹھی نے کی۔ چیئرمین پی سی بی کاکہناتھاکہ دنیا کوپاکستان کے جذبے کا بتایا ہے، عالمی کرکٹ کے دروازے کھولنے کا وعدہ کیا تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے مثبت جواب مل رہاہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں میں ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے، سری لنکن ٹیم اکتوبر کے آخر میں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان آئے گی۔انہوں نے کہاکہ نومبرکے شروع میں ڈومیسٹک ٹی 20 کا انعقاد ہوگا، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز ہو گی۔ نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ سری لنکا نے بڑی دلیری کیساتھ فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان آئیں گے، سری لنکا کیساتھ بھی ایک ٹی 20میچ کھیلا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہو گا جب کہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔